امتحانی کارکردگی کے حوالے سے والد کے نام خط |
امتحانی مرکز
7۔مئی2024ء
پیارے والد صاحب!
السلام علیکم!
آج صبح آپ کا خط موصول ہوا۔یہ جان کر دل مطمئن ہوا کہ اب
آپ کی طبیعت بہتر ہے۔اللہ پاک آپ کو عمر خضرعطا فرمائے۔آپ نے مجھ سے میرے
امتحانات کے بارے میں دریافت فرمایاہے۔خدا کے فضل سے میرے تمام پرچے بہت اچھے ہوئے
ہیں۔جیسا کہ آپ کو معلوم ہے کہ بیالوجی کا مضمون میرے لیے شروع ہی سے مشکل رہا ہے چنانچہ بھرپور تیاری کے باوجود مجھے اس حوالے سے
خدشہ لاحق تھا لیکن جب امتحانی مرکز میں سوالیہ پیپر میرے ہاتھ میں آیا تو جان میں
جان آئی۔دیے گئے تمام سوالات مجھے ازبر تھے۔ امید ہے کہ میرے سب سے زیادہ نمبر اسی مضمون میں سے آئیں گے۔اس بار انگریزی کا پرچہ پچھلے برسوں کی مشکل تھا لیکن آپ کی دعا اور اساتذہ کی محنت کے باعث کسی بھی پرچہ میں کوئی دشواری پیش نہیں آئی۔مجھے ابھی کچھ
دن ہوسٹل ہی میں رکنا پڑے گا کیوں کہ ابھی کچھ عملی امتحانات رہتے ہیں۔امید ہے کہ
اگلے ہفتے گھر لوٹوں گا۔امتحان میں کامیابی کے لیے آپ کی دعاوں کا طلب گار
ہوں۔والدہ محترمہ کی خدمت میں میری طرف سے بصد احترام سلام پیش کیجے گا ۔
آپ کا بیٹا
ا۔ب۔ج
نوٹ:خط اردو کے سالانہ پرچے کا اہم سوال ہے۔اس کے دس نمبر ہوتے
ہیں۔نمبروں کی تقسیم کچھ اس طرح ہے کہ پہلی سطر جسے پیشانی کہتے ہیں اس کا ایک نمبر
اس کے بعد تاریخ کا ایک نمبر جب کہ القاب و آداب کا بھی ایک نمبر دیا جاتا ہے۔خط
کے درمیان میں لکھی جانے والی عبارت کے
پانچ نمبر ہوتے ہیں آخر میں خط لکھنے والے کے تعلق کا ایک نمبر ہوتا ہے۔