AdabSaz ka Live Mushaira-Sadarat .Rashid Afreen-Maizban Ashfaq Shaheen |
ادبی تنظیم ادب ساز کے زیر اہتمام ربیع الاول کے سلسلے میں آن لائن نعتیہ مشاعرہ کا انعقاد 17 اکتوبر 2021 کی کو عمل میں آیا جس کی صدارت سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والےسینئر شاعر جناب رشید آفرین کی یہ شعری تقریب فیس بک پر لائیو پیش کی گئی جہاں فیس بک پر احباب نے حاضرین کو خوب داد دی آن لائن مشاعرہ میں امین عاصم,ارشد شاہین ,عتیق الرحمن صفی ,عروس فاروقی قمر صدیقی, الیاس صدیقی اور محمد سلیم سندھو کلام پیش کیا مشاعرہ میں پیش کیے گئے نعتیہ کلام سے انتخاب قارئین کے لیے پیش کیا جاتاہے .
اشفاق شاہین
شب زندگی کے ہیں مرحلے رہ پر ضیا کی تلاش ہے
مرے روز و شب جو اجال دے اسی نقش پا کی تلاش ہے
مرے چارہ ساز حضور ہیں مجھے کیا غرض کسی اور سے
شہ دوجہاں سے جو ہو عطا مجھے اس عطا کی تلاش ہے
کہاں بے چراغ ہو دربدر یہاں کاروان حیات میں
رہ مصطفے پہ سفر کرو تمھیں گر خدا کی تلاش ہے
عروس فاروقی
شب روز سوئے حرم دیکھتے ہیں
شب روز لطف و کرم دیکھتے ہیں
لگاتے ہیں آنکھوں سے دیتے ہیں بوسہ
جہاں نام ان کا رقم دیکھتے ہیں
جو ان کی عنایت پہ رکھتے ہیں ایماں
وہ دنیا کے اسباب کم دیکھتے ہیں
امین عاصم
گلاب ہو کنول ہو کہ یاسمیں کوئی
رخ رسول سے بڑھ کر نہیں حسیں کوئی
نہ صادق ان سے زیادہ ملا کہیں کوئی
نہ ان سے بڑھ کر زمانے میں ہے امیں کوئی
خدا کا نام تو خیر ایک اسم اعظم ہے
ملا نہ نام محمد سے بہتریں کوئی
عتیق الرحمن صفی
پڑھتا ہوں نعت اس لیے میں جھوم جھوم کر
آتا ہے وجد ناام محمد کو چوم کر
جس طرح ہیں قرآن کی آیات مکمل
ایسے مرے آقا کی ہے ہربات مکمل
ہے جتنی مکمل مرے سرکار کی ہستی
اتنی تو کسی کی بھی نہیں ذات مکمل
قمر صدیقی
مجھ کم تریں کے ہاتھ میں دیوان نعت ہے
احسان نعت سر بہ سر احسان نعت ہے
میں ہجرہ درد میں رہتا ہوں ہر گھڑی
میرا خیال آج کل ایوان نعت ہے
یاد رسول پاک کو لوبان داں سمجھ
اس میں سلگتا نعت گو بان نعت ہے
ارشد شاہین
بر سر منبر ہوں آقا یا کسی بازار میں
ہیں سراپا آئینہ کردار میں گفتار میں
منبع رشد و ہدایت آپ کی ہربات ہے
روشنی ہی روشنی ہے آپ کے افکار میں
سر بہ سر فیضاں یہ ذکر احمد مختار ہے
ہے نزول رحمت حق جو مرے گھربار میں
رشید آفریں
شہر نبی ہے منبع عرفان زندگی
ہرپل جہاں پہ جاری ہے فیضان زندگی
چاروں طرف ہے جلوہ انوار ایزدی
پیہم ہے ذرےذرے پہ باران زندگی
مجھ بے نوا کو در پہ بلا کر حضور نے
لطف و کرم سے بھر دیا دامان زندگی
ٓAdabsaz|AShfaq Shaheen