Ticker

6/recent/ticker-posts

Ashfaq Shaheen Bepanah Shayarاشفاق شاہین بے پناہ شاعر|عتیق الرحمن صفی

 
Ashfaq Shaheen Bepanah Shayarاشفاق شاہین بے پناہ شاعر|عتیق الرحمن صفی

Ashfaq Shaheen Bepanah Shayar|اشفاق شاہین بے پناہ شاعر 

تحریر:عتیق الرحمن صفی

کائنات کے خوبصورت ترین مظاہر میں زمین و آسمان اور ان کے درمیان پائے جانے والے عناصر پھول خوشبو بادل بارش رنگ دھنک تتلی جگنو چرند پرند چاند سورج ستارے کہکشائیں اور نجانے کیا کیا کچھ شامل ہے جو کبھی بھی مکمل طور پر شمار میں نہیں آ سکتے . ان سب کے درمیان اللہ تعالٰی کی سب سے خوبصورت تخلیق انسان بھی موجود ہے جسے اُس نے اشرف المخلوقات کے لقب سے نوازا ہے، اللہ تعالٰی نے اپنی اس تخلیق کو بے شمار صفات عطا کی ہیں ان صفات میں ایک خاص وصف اور صلاحیت تخلیق کار بننے کی ودیعت کر کے زمین پر اپنا نائب ہونے کا درجہ اور مقام عطا فرما دیا ہے. تخلیق کے بھی بے شمار شعبے ہیں لیکن فنونِ لطیفہ سے وابستہ شعبوں میں شاعری مصوری اور موسیقی خاص اہمیت کے حامل ہیں، ان تینوں میں بھی شاعری کو دیگر کی نسبت خاص الخاص اہمیت حاصل ہے اسی لیے تو شاعری کو نصف پیغمبری بھی کہا گیا ہے مولانا روم فرماتے ہیں "شاعری جزویست از پیغمبری". شاعر و تخلیق کار ہونا ایک بہت بڑے اعزاز کی بات ہے یہ اللہ تعالٰی کی خاص عطا ہے. پاکستان کے شہر گجرات کے معروف و مقبول شاعر اشفاق شاہین بھی اُن خاص شخصیات میں شامل ہیں جن پر شاعری بارش کی طرح اُترتی ہے اور اُن کے قلب و روح کو سیراب کرتی ہوئی باذوق سامعین و قارئین کو سرشارکرتی چلی جاتی ہے.

   اشفاق شاہین ایک جینوئن شاعر ہے اور بے پناہ شاعر ہے اسے شعر کہنے کے لیے کوئی خاص تردد نہیں کرنا پڑتا وہ ایک خوبصورت پینٹنگ دیکھ کر بھی بے مثال شعر کہہ لینے کی صلاحیت رکھتا ہے اشفاق شاہین کی شاعری کے موضوعات اتنے وسیع ہیں کہ آپ انھیں کسی ایک حلقے میں قید نہیں کر سکتے یہی وجہ ہے کہ اشفاق شاہین کی غزل کے موضوعات میں وسعت کے ساتھ ساتھ جدت اور انفراد بھی شامل ہے. برس ہا برس کی ریاضت کے بعد جب اشفاق شاہین نے "طوافِ گُل" جیسا زبردست مجموعہء کلام پیش کیا تو ادبی منظر نامے پر موجود ہر خاص و عام نے اسے خوش آمدید کہا اور طوافِ گل کی غزلیات کو داد و تحسین سے نوازا. عشق اشفاق شاہین کی شاعری کی بنیاد ہے اور اسی بنیاد پر وہ پرند، شجر، اثمار، بارش ،ہوا جیسے استعاروں سے مزین ایسے ایسے خوبصورت اشعار کہتا ہے کہ داد دیئے بغیر نہیں رہا جا سکتا. اشفاق شاہین کی شاعر کی جڑیں بڑی مضبوطی کے ساتھ روایت کی زمین میں گڑی ہوئی ہیں لیکن اشفاق کی شاعری کے شجر پر لگنے والے پھل نئے رنگوں اور نئے ذائقوں کے حامل ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ روایت کی زمین رہتے ہوئے اس نے اپنے شاعری کے پیڑ کی آبیاری نئے نئے پانیوں سے کی ہے اور اُسے جدید خیالات کی کھاد سے زرخیز بنایا ہے. اُس نے اپنی غزل میں اردو کے ساتھ ساتھ انگریزی زبان کے الفاظ و قوافی کو بھی اس سلیقے سے برتا ہے کہ شاعری کا لطف دوبالا ہو جاتا ہے مزید برآں دورِ جدید کے آلات نے جہاں روزمرہ زندگی کے معمولات میں بڑی بڑی تبدیلیاں برپا کی ہیں انھیں تبدیلیوں کے زیر اثر "پیغام برقی" اور "قاصدِ برقی" جیسی نئی تراکیب نے اشفاق شاہین کی غزل میں خصوصی جگہ بنائی ہے جو کہ جدت و روایت کا خوبصورت امتزاج ہے


Ashfaq Shaheen Bepanah Shayarاشفاق شاہین بے پناہ شاعر|عتیق الرحمن صفی
ashfaq shaheen ki shayari aur majmooa kalam Tawaf e Gul pr Atiq Ur Rehman Safi ka mazmoon


اشفاق شاہین میرے اُن بہترین دوستوں میں سے ایک ہے جس کے ساتھ دوستی کی پہلی اور آخری وجہ شاعری ہے. اشفاق شاہین کے ساتھ دوستی کا سفر کم و پیش تین دہائیوں پر محیط ہے ہم شاعری کی وجہ سے ہی ایک دوسرے کے قریب آئے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ دوستی مزید گہری ہوتی چلی گئی. دوست ہونے کے ناطے میں اشفاق شاہین کی بہت سی عادات اور خوبیوں سے بہت اچھی طرح واقف ہوں. وہ ایک کٗل وقتی شاعر اور بہترین منتظم ہے اس نے کئی ادبی تنظیموں کی میں ادبی خدمات انجام دی ہیں اور بہت سی اچھی ادبی تنظیموں کی بنیاد بھی رکھی ہے جن میں حلقہ اربابِ ذوق گجرات کا دوبارہ احیاء اس کا بہت بڑا کارنامہ ہے اس کے علاوہ اشفاق شاہین ایک بہت اچھا مدرس (استاد) بہترین دوست اور سب کے ساتھ محبت کرنے والا انسان ہے. اشفاق شاہین کی شخصیت ایک بہت اعلٰی تہ در تہ معنی میں پوشیدہ شعر کی طرح ہے اللہ تعالٰی نے اسے موقع محل کے مطابق فی البدیہہ اشعار کہنے کی صلاحیت سے مالا مال کر رکھا ہے شاعری کی دیوی اس پر مہربان ہے اس لیے جب بھی اس سے ملاقات ہوئی ہے تو کبھی اس نے یہ نہیں کہا کہ نئی غزل ہوئی بلکہ میں نے ہمیشہ اسے یہی کہتے سنا ہے کہ نئی غزلیں ہوئی ہیں. کلام پیش کر کے مشاعرہ لوٹنا اشفاق شاہین کے بائیں ہاتھ کا کھیل ہے، اشفاق شاہین گجرات کی دھرتی کے اُن قابل ترین سپوتوں میں سے ایک ہے جن پر اہلِ گجرات کو بجا طور پر فخر ہے.


Ashfaq Shaheen Bepanah Shayarاشفاق شاہین بے پناہ شاعر|عتیق الرحمن صفی
AshfaqShaheen and Atiq Ur Rehman safi in a mushaira

 "طوافِ گُل کے شاعراشفاق شاہین کا ادبی سفر پوری آب و تاب کے ساتھ جاری ہے طوافِ گل کے بعد بھی اس نے بے شمار خوبصورت غزلیں کہی ہیں جو اُمید ہے اُس کے اگلے مجموعہء کلام کی شکل میں ہمیں جلد ہی دستیاب ہوں گی. میں اپنے پیارے دوست اور خوبصورت شاعر اشفاق شاہین کی مزید کامیابیوں کے لیے تہہِ دل سے دعاگو ہوں.

تحریر:عتیق الرحمٰن صفی صدر گجرات ادبی فورم