Dr Sughra Sadaf|Tehreer.Ashfaq Shaheen
ادبی افق کا رخشندہ ستارہ
نام ور شاعرہ،کالم نگار:ڈاکٹر صغری صدف
تحریر:اشفاق شاہین
گجرات کی سرزمین میں اس حوالے سے زرخیز قرار دی جاتی ہے کہ یہاں سے تعلق رکھنے والی مختلف شخصیات نے اپنے فن میں نہ صرف ملکی سطح پر لوہا منوایا بلکہ بین الاقوامی منظر نامہ پر بھی وطن عزیز کا نام روشن کیا ادب و سیاست اور صنعت و حرفت سے لیکر عساکر پاکستان تک ایسے بے شمار ستارے ہیں جو گجرات کے آسمان سے نمودار ہو کر وطن عزیز کے افق پر چھا گئے۔ انہیں معتبر شخصیات میں شعبہ ادب سے تعلق رکھنے والی دانشور اور شاعرہ ڈاکٹر صغرای صدف بھی شامل ہیں۔
آپ کا تعلق گجرات کے مضافاتی گاؤں سے ہے۔ ڈاکٹر صغری صدف اس وقت معروف ادارے پلاک میں ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر خدمات انجام دے رہی ہیں. پلاک پنجابی ادب و ثقافت کی ترویج کا نمائندہ سرکاری ادارہ ہے .وہ چونکہ خود عالمی سطح کی لکھاری ہیں چنانچہ انہوں نے پنجابی ادب و ثقافت کی ترویج کو حقیقی معنوں میں اپنےنصب العین کی اوّلین سطور میں جگہ دے رکھی ہے. لاہور میں پلاک کے تحت سال بھر تقریبات کا سلسلہ جاری رہتا ہے. جہاں ادیب فنکار نہ صرف اپنی دستگاہ کا مظاہرہ کرتے ہیں بلکہ انہیں ملکی اور عالمی سطح پر پذیرائی بھی حاصل ہوتی ہے. ڈاکٹر صدف کی علمی اور ادبی خدمات کا جائزہ لیا جائے تو ان کی خوش روش شخصیت کے کئی پہلو سامنے آتے ہیں .ان کی کاوشوں کا سلسلہ مختلف سطوح پر پھیلا ہوا ہے. وہ اپنے آپ میں ایک ادارہ ,ادبی تحریک یا انجمن کی صورت دکھائی دیتی ہیں. مشاعروں کا انعقاد, بیرون ملک یونیورسٹیوں میں لیکچرز ,بین الاقوامی کانفرنسوں میں شرکت, سخنوری ,کالم نگاری ,ریڈیو پاکستان کے صیغے میں خدمات ,ٹی وی پروگراموں کی میزبانی جیسی مصروفیات ان کے شب و روز کا احاطہ کیے ہوئے ہیں
ڈاکٹر صغری صدف نے 2005 میں پنجاب یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی. ان کا شمار عصر حاضر کی ان شاعرات میں ہوتا ہے جنہوں نے روایت اور جدت کو ساتھ رکھتے ہوئے اپنی انفرادیت سے قبول عام حاصل کیا.ان کے ہانچ شعری مجموعے بعنواں میں کیوں مانوں,ہیر,جدا ہیں چاہتیں اپنی,وادھا, مائے نی میں کنوں آکھاں منظر پر آ کر دادو تحسین حاصل کر چکی ہیں. انہوں نے کئی اہم کتابوں کو پنجابی زبان میں منتقل کرنے کا فریضہ بھی انجام دیا ہے. پاکستان کے موقر روزنامہ جنگ کی مستقل کالم نگار ہیں ان ہی کالموں کا انتخاب نکتہ کے عنوان سے منظر عام پر آچکا ہے. آپ ایک عرصہ تک پی ٹی وی میں بطور میزبان اور سکرپٹ رائٹر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیتی رہی ہیں.اس وقت ایف ایم95کی اسٹیشن نینجر بھی ہیں..آپ اپنی خدمات کے باوصف عصر حاضر میں عالمی ادبی سفیر کی حیثیت رکھتی ہے. ڈاکٹر صغری صدف نہ صرف اہل گجرات کے لئے قابل فخر ہیں بلکہ وطن عزیز کا قیمتی اثاثہ ہے۔